اردو بلاگنگ کی پراڈکٹ ڈویلپمنٹ

اردو بلاگنگ آج جس حالت میں ہمارے سامنے ہے، اس سے لکھنے والوں کی حالت کبھی بھی بدلنے والی نہیں۔ بہت سے لوگ اس بات سے دل کو تسلی دیتے ہیں کہ وہ تو اپنے مافی الضمیر کے اظہار کے لئے بلاگنگ کرتے ہیں اس لئےانہیں کسی روپے پیسے کی طمع نہیں۔
میں دنیا کے جس حصے میں گذشتہ چھ سالوں سے مقیم ہوں،یہاں نام سے مفت نظر آنے والے کام بھی مفت نہیں ہوتے۔ والنٹیر کام کے بھی پیسے ہوتے ہیں۔ بہت کم صورتیں ایسی ہیں جہاں صلہ روپے کی بجائے تجربہ کی صورت میں ملے۔ لیکن اگر ان جگہوں کا تجربہ مل جائے تو اگلے پچھلے سارے پیسے پورے ہو جاتے ہیں۔
میں نے کسی بزرگ کا قول پڑھا تھا جنہوں نے اپنے شاگرد کو بہت زیادہ دریا دلی سے منع کیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ اس سے تمہارے دل میں مخلوق کا گلہ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
ہمارے بلاگر بڑے سخی دل کے ساتھ لوگوں کی محفلوں کو چار چاند لگاتے ہیں۔ اور بعد میں اپنے دل کی تسلی کا سامان بھی خود ہی پیدا کرتے ہیں۔۔ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے والا کوئی نہیں۔

میری بڑے عرصے سے خواہش ہے کہ بلاگنگ کو ایک پراڈکٹ بنایا جایا۔ تاکہ لوگ اپنی اس جز وقتی مصروفیت کو شہرت ، عزت اور روپے میں بدل سکیں۔ دنیا میں بلاگرز صرف بلاگنگ سے اچھی زندگی گذارنے کے قابل ہیں۔ لیکن پاکستان میں بلاگنگ سے خوشحال زندگی کا تصور محال ہے۔ دنیا بھر میں بلاگرز عوام الناس کی رائے سازی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اور زندگی کے تمام معاملات کے حوالے سے بلاگنگ کی جاتی ہے۔ جبکہ ہمارے ہاں ابھی اتنا تنوع نہیں پایا جاتا۔
میری خواہش کہ ہم بلاگنگ کو ایک پراڈکٹ بنانے کے منصوبہ پر کام کریں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں لکھنے والے بلاگرز کو اکٹھا کیا جائے۔ ایک مشترکہ پلیٹ فارم سے ایسی کاوشوں کا آغاز کیا جائے جو سب حصہ داروں کے لئے سود مند ثابت ہوں۔
اگر احباب ساتھ شامل ہونا چاہیں تو دعوت عام ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں